بھان سیدآباد میں سوئی گیس پائپ لائن پھٹ گئی، متعدد علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں

سیہون شریف(جانوڈاٹ پی کے) بھان سیدآباد میں سوئی گیس کی پائپ لائن پھٹنے کے باعث بھان سیدآباد، خدا آباد، دادو اور گردونواح میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے باریجا اسٹاپ کے قریب سوئی گیس کی پائپ لائن میں مبینہ طور پر لیکیج کی، ملزمان نے اسے پارکو کی تیل لائن سمجھ کر کلپ لگانے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں گیس پائپ لائن متاثر ہوکر پھٹ گئی۔
واقعے کے بعد بھان سیدآباد اور دادو سمیت متاثرہ علاقوں میں سوئی گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔
سوئی گیس انتظامیہ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی اور متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا۔ حکام کے مطابق مرمتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد گیس کی فراہمی بحال کردی جائے گی۔



