اسلام آباد میں کوئی سڑک بند نہیں، کنٹینرز حفاظتی اقدامات کے تحت رکھے گئے، وزارت اطلاعات

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزارت اطلاعات و نشریات نے غیر ملکی نشریاتی ادارے کی رپورٹنگ کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کوئی سڑک بند نہیں کی گئی، مختلف مقامات پر کنٹینرز اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں شہریوں کے تحفظ کے لیے رکھے گئے ہیں۔
وزارت اطلاعات کے مطابق سکیورٹی اقدامات ماضی میں پیش آنے والے پرتشدد واقعات اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں، جن کا مقصد امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات ریاست کی امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داری اور عدالتی احکامات کے تناظر میں کیے گئے ہیں۔
وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ٹی وی نے ان اقدامات کو محض سڑکوں کی بندش کے طور پر پیش کیا اور دیگر حقائق کو نظرانداز کیا، حالانکہ اسلام آباد کی تمام سڑکیں کھلی ہیں۔
وزارت اطلاعات نے غیر ملکی نشریاتی ادارے کی رپورٹنگ کو یکطرفہ اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس سے منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم ایسے دعووں سے حقائق تبدیل نہیں ہوسکتے۔



