برطانیہ میں ڈیزل کی قیمت 2 پاؤنڈ فی لیٹر کے قریب پہنچ گئی

لندن(ویب ڈیسک) برطانیہ میں ڈیزل کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا، اوسط قیمت 174.71 پنس فی لیٹر تک پہنچنے کے بعد عام فیملی کار کی ٹینکی مکمل بھرنے کی لاگت تقریباً 110 پاؤنڈ ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے گھریلو صارفین، ٹرانسپورٹرز اور دیگر کاروباری شعبے مالی دباؤ کا شکار ہیں، جبکہ ایندھن کے بڑھتے اخراجات نے روزمرہ زندگی اور کاروباری سرگرمیوں کے اخراجات میں بھی اضافہ کردیا ہے۔
دوسری جانب روس نے کہا ہے کہ اگر ملک میں ڈیزل کی پیداوار مقامی طلب سے بڑھ گئی تو ڈیزل کی برآمدات پر عائد پابندی میں جزوی نرمی پر غور کیا جاسکتا ہے۔
روسی نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک کے مطابق ملک میں ڈیزل کی مقامی مارکیٹ اس وقت متوازن ہے اور ملکی طلب پوری کرنے کے لیے ایندھن کی وافر مقدار موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈیزل کی پیداوار ملکی طلب سے تجاوز کرتی ہے تو روس برآمدات کو جزوی طور پر دوبارہ کھولنے پر غور کرے گا۔
روس نے حالیہ عرصے میں مقامی طلب پوری کرنے کے لیے ڈیزل کی برآمدات محدود کر رکھی ہیں۔ روسی توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر یوکرین کے ڈرون حملوں کے باعث ملک میں ایندھن کی صورتحال بھی دباؤ کا شکار رہی ہے۔
دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی کہا ہے کہ ماسکو پر عائد پابندیاں ختم ہونے تک روس عالمی توانائی مارکیٹ کو اپنا ڈیزل فراہم نہیں کرے گا۔



