حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کا دوسرا دور ہفتے کو ہوگا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کا انعقاد ہفتے کو ہوگا، اجلاس دوپہر 2 بجے سپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں ہوگا۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، جبکہ اجلاس کے پیش نظر پارلیمنٹ ہاؤس میں سکیورٹی کے خصوصی اور سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران سکیورٹی اور انتظامی امور کو مؤثر انداز میں یقینی بنایا جائے گا تاکہ اجلاس خوش اسلوبی سے جاری رہ سکے۔
دوسری جانب مذاکرات کی کوریج کے لیے کیمرہ مینوں کے پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے سے متعلق بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق کیمرہ مین پبلک انٹری گیٹ سے داخل ہو سکیں گے، تاہم انہیں صرف گیٹ نمبر ایک کے باہر قائم میڈیا سینٹر تک جانے کی اجازت ہوگی۔
ترجمان کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر داخلے کی اجازت صرف قومی اسمبلی پریس گیلری کارڈ رکھنے والے صحافیوں کو ہوگی۔
کیمرہ مینوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ادارے کا کارڈ اور قومی شناختی کارڈ لازماً ہمراہ رکھیں۔



