تھرپارکر بار ایسوسی ایشن کے وفد کی ایم پی اے سریندر ولاسائی سے ملاقات، وکلاء برادری کے مسائل پر تبادلۂ خیال

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی /جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر بار ایسوسی ایشن (ٹی بی اے) کے صدر قیمت ولاسائی کی قیادت میں ایک وفد نے سندھ اسمبلی کے رکن اور بلاول ہاؤس میڈیا سیل کے انچارج سریندر ولاسائی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وفد نے ضلع تھرپارکر میں وکلاء برادری کو درپیش مختلف مسائل اور چیلنجز سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے تعاون کی درخواست کی۔
اس موقع پر سریندر ولاسائی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور وکلاء برادری نے ہمیشہ پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی کے لیے مشترکہ جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے جمہوری اداروں کے استحکام اور قانون کی حکمرانی کے فروغ میں وکلاء کے کردار کو سراہا۔
ایم پی اے نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل سندھ کے وزیر قانون و پارلیمانی امور ضیاء الحسن لنجار کے سامنے اٹھائیں گے تاکہ ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
وفد میں جنرل سیکریٹری ویر وکرم، موہن منتھرانی، رائے سنگھ سودھا اور منور ساگر بھی شامل تھے۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں تھرپارکر کے وکلاء کے مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔



