نئے اسلامی سال کا آغاز: خانہ کعبہ کے نئے غلاف کسوہ کو تبدیل کر دیا گیا

مکہ مکرمہ(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک)نئے اسلامی سال کے آغاز پر خانہ کعبہ کے غلاف (کسوہ) کو تبدیل کر دیا گیا، اس روح پرور اور باوقار تقریب میں حرمین شریفین کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
نیا غلاف کعبہ انتہائی باریک بینی، مہارت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ 11 ماہ کے عرصے میں تیار کیا گیا۔ غلاف 47 ریشمی پینلز پر مشتمل ہے جن پر سونے اور چاندی کے دھاگوں سے قرآن مجید کی 68 آیات مبارکہ کی نہایت خوبصورت کڑھائی کی گئی ہے۔
نئے غلاف کعبہ کا مجموعی وزن 1,415 کلوگرام ہے جبکہ اس کی تیاری کے تمام مراحل مکہ مکرمہ میں قائم شاہ عبدالعزیز کمپلیکس برائے کسوہ کعبہ میں مکمل کیے گئے، جہاں ہر مرحلے پر معیار، نفاست اور پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے سخت جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔
غلاف کعبہ کی تیاری اسلامی فنون، دستکاری اور جدید تکنیکی معیار کا منفرد امتزاج سمجھی جاتی ہے، جسے ہر سال خصوصی اہتمام اور عقیدت کے ساتھ تبدیل کیا جاتا ہے۔
دنیا بھر کے مسلمان اس بابرکت موقع کو انتہائی عقیدت اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جبکہ نئے غلاف کی تبدیلی اسلامی تہذیب، فن اور روحانی وابستگی کی خوبصورت علامت تصور کی جاتی ہے۔



