آبنائے ہرمز کی مکمل بحالی میں وقت لگے گا، سمندری راستہ تاحال مکمل محفوظ نہیں: وائٹ ہاؤس

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی مکمل بحالی ایک سست، پیچیدہ اور مرحلہ وار عمل ہوگا، جبکہ سمندری راستہ تاحال مکمل طور پر محفوظ قرار نہیں دیا جا سکتا۔
عرب میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ سیاسی سطح پر آبنائے ہرمز کو کھول دیا گیا ہے، تاہم عملی طور پر بحری آمدورفت کی مکمل بحالی کے لیے مزید اقدامات درکار ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے معاہدے کے اعلان کے بعد بحری جہازوں کو اپنے انجن سٹارٹ کرنے کا پیغام دیا تھا، تاہم زمینی حقائق کے مطابق سمندری راستہ ابھی مکمل طور پر محفوظ نہیں ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں موجود بارودی سرنگوں کو صاف کرنے کا عمل جاری ہے اور یہ کام آئندہ چند روز تک جاری رہ سکتا ہے، جس کے بعد بحری راستے کو مکمل طور پر فعال کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق بارودی سرنگوں کی صفائی ایک مشکل، وقت طلب اور موسم پر منحصر عمل ہے، جس کے باعث آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر محفوظ بنانے میں مزید چند ہفتے لگ سکتے ہیں۔
دوسری جانب بعض تجارتی بحری جہاز اور انشورنس کمپنیاں اب بھی اس راستے کے استعمال میں محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں اور امکان ہے کہ وہ حفاظتی سکواڈ یا قافلوں کے ساتھ سفر کو ترجیح دیں گی۔



