کیلیفورنیا میں واقع ایڈورڈز اڈے پر امریکی فضائیہ کا بی-52 بمبار طیارہ تباہ


کیلیفورنیا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع ایڈورڈز فضائی اڈے پر امریکی فضائیہ کا ایک بی-52 سٹریٹو فورٹریس بمبار طیارہ حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہو گیا۔
حادثے کے بعد علاقے میں دھوئیں کا ایک بڑا بادل بلند ہوا، جسے لاس اینجلس کاؤنٹی کے بلند صحرائی علاقوں سے بھی دیکھا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فوری طور پر جانی نقصان یا زخمیوں کے بارے میں کوئی تصدیق نہیں ہو سکی۔
فضائی اڈے کی انتظامیہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق بی-52 بمبار طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجکر 20 منٹ پر پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ہوائی اڈے کے میدان میں گر کر تباہ ہو گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہنگامی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی و ریسکیو کارروائیاں شروع کر دی گئیں، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔