ڈی پی او اوکاڑہ کا سخت ایکشن،اشتہاریوں کی فوری گرفتاری اور قتل کیسز جلد نمٹانے کی ہدایت

اوکاڑہ(رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی زیرِ صدارت ضلع بھر میں جرائم کی روک تھام، مقدمات کی تفتیش اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاریوں کے حوالے سے ایک اہم جرائم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر کی مجموعی جرائم کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ڈی پی او اوکاڑہ نے موٹر سائیکل چوری کے تمام مقدمات میں 100 فیصد ریکوری یقینی بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ملزمان کی فوری گرفتاری اور مال مسروقہ کی برآمدگی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں انہوں نے نقب زنی کے مقدمات میں مال مسروقہ کی برآمدگی اور تفتیشی عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام کیسز کو میرٹ اور پیشہ ورانہ انداز میں یکسو کیا جائے اجلاس کے دوران اشتہاری مجرمان اور ٹارگٹڈ آفینڈرز کی فوری گرفتاری کے احکامات بھی جاری کیے گئے، جبکہ جرائم کی روک تھام اور نگرانی کے لیے ہوٹل آئی، ٹریول آئی اور جدید ای گیجٹس کے مؤثر اور بھرپور استعمال پر زور دیا گیا۔
ڈی پی او اوکاڑہ نے قتل کے مقدمات کی تفتیش کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اور شواہد کی روشنی میں میرٹ کے مطابق یکسو کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سنگین مقدمات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اجلاس میں ایس پی انویسٹیگیشن ملک داؤد سمیت ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی اور اپنے اپنے سرکلز کی کارکردگی، تفتیشی پیش رفت اور جرائم کے انسداد کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈی پی او اوکاڑہ نے بہترین کارکردگی کے تسلسل اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی



