ویمنزٹی20ورلڈکپ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دیدی

برمنگھم(جانوڈاٹ پی کے)ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت نے پاکستان کو 64 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے۔برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 17 اوورز میں 106 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے منیبہ علی سب سے نمایاں رہیں، جنہوں نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ عالیہ ریاض 18 رنز بنا سکیں، جبکہ عائشہ ظفر اور گل فروزہ نے 12، 12 رنز اسکور کیے۔دیگر بیٹرز میں نطالیہ پرویز 7، ناشرہ سندھو 4، رامین شمیم 4 اور سائرہ جبین 2 رنز بنا سکیں، جبکہ تسمیہ رباب اور کپتان فاطمہ ثنا بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئیں۔بھارت کی جانب سے دیپتی شرما نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شری چرانی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شفالی ورما نے بھی ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔اس سے قبل بھارتی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے سمرتی مندھانا نے 68 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ کپتان ہرمن پریت کور نے 36 اور رچا گھوش نے 34 رنز اسکور کیے۔



