اوکاڑہ :محرم میں نفرت انگیز مواد اور قانون شکنی پر زیرو ٹالرنس ہوگی:ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی

اوکاڑہ(رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی زیرِ صدارت محرم الحرام کے پرامن انعقاد اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس ایس پی انویسٹیگیشن، ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے عشرہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ نفرت انگیز مواد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی سوشل میڈیا کی مؤثر نگرانی کے لیے خصوصی مانیٹرنگ سیل تشکیل دے دیا گیا ہے جو محرم الحرام کے دوران مسلسل نگرانی کرے گا۔ لاؤڈ سپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ڈی پی او اوکاڑہ نے ہدایت کی کہ حساس مجالس اور جلوسوں کے انعقاد سے قبل روٹس اور مقامات کی مکمل سکریننگ اور سویپنگ کی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ منتظمین مجالس و جلوس، امن کمیٹیوں، علماء و مشائخ اور شہریوں کے باہمی تعاون سے ضلع بھر میں امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا برقرار رکھی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ سیف سٹی کیمروں اور ان سے منسلک سی سی ٹی وی نیٹ ورک کی مدد سے حساس مقامات، جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کی جائے گی تاکہ عزاداروں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے

مزید خبریں

Back to top button