تھرپارکر میں کتے کے کاٹنے کے متاثرین کے لیے 7 ریبیز حفاظتی مراکز قائم، فوری علاج کرانے کی اپیل

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کتے یا کسی بھی جانور کے کاٹنے کو ہرگز معمولی نہ سمجھا جائے، کیونکہ اس سے ریبیز جیسی جان لیوا بیماری کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔

جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ریبیز ایک انتہائی خطرناک لیکن بروقت علاج سے قابلِ بچاؤ بیماری ہے، اس لیے جانور کے کاٹنے کے فوراً بعد طبی امداد حاصل کرنا ضروری ہے۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی نے ہدایت کی کہ متاثرہ شخص سب سے پہلے زخم کو صابن اور بہتے ہوئے پانی سے اچھی طرح دھوئے اور بغیر کسی تاخیر کے قریبی صحت مرکز جا کر طبی معائنہ کروائے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومتِ سندھ کی جانب سے ضلع تھرپارکر میں سات ریبیز حفاظتی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں اینٹی ریبیز ویکسین (ARV) اور ریبیز امیونوگلوبیولن (RIG) کی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان مراکز میں سول اسپتال مٹھی، تعلقہ اسپتال نگرپارکر، آر ایچ سی اسلام کوٹ، آر ایچ سی کھینسر، بی ایچ یو مبارک رند، بی ایچ یو کلوئی اور گورنمنٹ ڈسپنسری دونہائی شامل ہیں۔

پریس ریلیز کے مطابق تعلقہ اسپتال چھاچھرو، تعلقہ اسپتال ڈیپلو، تعلقہ اسپتال کھیمی جو پار، بی ایچ یو چیلہار، بی ایچ یو کوٹ ارباب میر محمد، بی ایچ یو ڈانو دھانڈل اور بی ایچ یو ڈونجھ میں بھی اینٹی ریبیز ویکسین (ARV) دستیاب ہے۔

ڈی ایچ او نے متعلقہ صحت حکام کو ہدایت کی ہے کہ تمام مراکز پر ویکسین اور ادویات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام 1122 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی نے مقامی میڈیا، سوشل میڈیا، کمیونٹی رہنماؤں، مذہبی علماء اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ ریبیز سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی مہم میں بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ "کتے کے کاٹنے کو کبھی نظرانداز نہ کریں، بروقت ویکسینیشن ہی زندگی کی ضمانت ہے۔”

مزید خبریں

Back to top button