لاہور ہائیکورٹ میں جمعہ اور ہفتے کی تعطیل ختم، عدالتیں معمول کے شیڈول پر بحال


لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور ہائیکورٹ نے عدالتوں میں جمعہ اور ہفتے کی تعطیل سے متعلق جاری نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے، جس کے بعد ہائیکورٹ اور پنجاب بھر کی ماتحت عدالتوں میں ان دونوں دنوں معمول کے مطابق عدالتی امور انجام دیے جائیں گے۔
لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس کی منظوری سے رجسٹرار راجہ قمر الزمان نے نیا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ نئے فیصلے کے تحت عدالت عالیہ اور ضلعی عدالتوں میں کیسوں کی سماعت پرانی روٹین کے مطابق جاری رہے گی جبکہ عدالتی دفاتر میں تعینات عملہ بھی جمعہ اور ہفتے کو اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے گا۔
واضح رہے کہ 11 مارچ کو کفایت شعاری پالیسی کے تحت جمعہ اور ہفتے کی تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، تاہم اب اسے واپس لے لیا گیا ہے اور عدالتی نظام دوبارہ معمول کے شیڈول کے مطابق کام کرے گا۔