ایران امریکا کیخلاف جنگ کا فاتح ہے،مفاہمتی یادداشت پر ابھی دستخط نہیں ہوئے، تبدیلی ممکن ہے:عباس عراقچی

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ایران امریکا کے خلاف جنگ کا فاتح ہے، ایران امریکا جنگ کے بعد مزید مضبوط ہو کر ابھرا ہے۔
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مفاہمتی یادداشت پر ابھی دستخط نہیں ہوئے، تبدیلی ممکن ہے، جوہری معاملات بعد کے مراحل میں زیر بحث آئیں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کا اعلان تمام محاذوں پر بشمول لبنان، عبوری معاہدے کے تحت ہوگا، امریکا کی ناکہ بندی ختم اور آبنائے ہرمز کھولنا عبوری معاہدے کا حصہ ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ اسرائیل جیسے دشمن ایران امریکا معاہدے کے خلاف ہیں، امریکا کی دھمکیاں بند ہونی چاہئیں، ایران دباؤ میں نہیں آئے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ لبنان میں جنگ کے خاتمے کا مطلب اسرائیل کا قبضہ شدہ علاقوں سے انخلا ہے، عبوری معاہدہ پہلا قدم ہے، اگر نافذ نہ ہوا تو جوہری مذاکرات نہیں ہوں گے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی مینجمنٹ جنگ سے پہلے کے دور میں واپس نہیں جائے گی، ایران آبنائے ہرمز میں جہازوں کی محفوظ گزرگاہ یقینی بنائے گا، ایران کے لیے یورینیم ذخائر کا واحد حل مواد کو کم سطح پر لانا ہے، ہماری تلوار ہمیشہ آبنائے ہرمز پر لٹکتی رہے گی، آبنائے ہرمز پر ایران اور عمان کی خودمختاری ہے۔



