صومالیہ میں یرغمال پاکستانیوں کی رہائی کیلئے سرگرم ہیں،دفترخارجہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ صومالیہ میں ایک بحری جہاز پر سوار پاکستانی شہری گزشتہ 15 روز سے یرغمال ہیں اور پاکستان ان کی محفوظ رہائی یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ دو روز قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے صومالیہ کے وزیر خارجہ عبدالسلام علی سے رابطہ کیا، جس میں یرغمالیوں کی رہائی کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں صومالی سفیر کو بھی دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور سیکریٹری خارجہ نے ان سے اس معاملے پر تفصیلی گفتگو کی۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال پر گہری تشویش ہے اور پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور سفارتی ذرائع سے تنازعات کے حل پر زور دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا کی ثالثی سے لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی جبکہ حال ہی میں لبنان کی مسلح افواج کے سربراہ روڈولف ہیکل نے پاکستان کا دورہ کیا اور چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔

مزید خبریں

Back to top button