ہوشو مددگار الائنس ماتلی کے زیراہتمام مبینہ پولیس زیادتیوں کیخلاف احتجاج

ماتلی(رپورٹ ایم آر گدی/جانو ڈاٹ پی کے)سندھ میں آباد شیدی برادری کی سماجی تنظیم ہوشو مددگار الائنس ماتلی کے زیر اہتمام تعلقہ ڈگری کے ڈھنگانو بوزدار میں مبینہ پولیس زیادتیوں کے خلاف ماتلی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا کر نعرے بازی کی اور مبینہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا، اس موقع پر تنظیم کے مقامی عہدیدار اویس الرحمن شیدی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ڈھنگانو بوزدار کے چھوٹے آبادگار غلام حیدر شیدی کو متعلقہ تھانیدار نے مبینہ طور پر اپنی فرمائش پوری نہ کرنے پر لاک اپ کیا، انہوں نے بتایا کہ علاقے کے بااثر افراد نے اپنے مویشی غلام حیدر شیدی کی فصلوں میں چھوڑ کر فصل کو نقصان پہنچایا اور جب متاثرہ شخص نے مویشیوں کو کھیتوں سے نکالا تو مبینہ طور پر ان کے بیٹے پر کلہاڑی اور ڈنڈوں سے حملہ کر کے اسے زخمی کر دیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی شکایت درج کرانے تھانے گئے تو مبینہ طور پر الٹا متاثرہ فریق کو ہی لاک اپ کر دیا گیا، مظاہرین نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لے کر متاثرہ خاندان کو تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔



