میڈیاکو درپیش مالی مشکلات کے حل کیلئے حکومت اورتمام سٹیک ہولڈرزکو ملکرکام کرناہوگا،وزیراطلاعات

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا ء اللہ تارڑ نے الیکٹرانک میڈیا کی مضبوطی اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کو قومی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا انڈسٹری کو درپیش مالی مشکلات کے حل کے لیے حکومت اور تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا قومی مفاد، عوامی آگاہی اور جمہوری عمل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اس لیے اس کی بقا اور استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اشتہارات چینلز کی ریٹنگ کے مطابق دیے جاتے ہیں اور ٹاپ، مڈ اور تھرڈ ٹیئر چینلز کو اسی بنیاد پر فنڈز فراہم کیے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق دور میں ٹی وی چینلز کے اشتہاری ریٹس میں کمی کے منفی اثرات سامنے آئے جبکہ پولیو، انسداد دہشت گردی، موسمیاتی تبدیلی اور ڈیجیٹل والٹ سمیت عوامی آگاہی مہمات چلانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کو پیمرا، ایف بی آر اور دیگر ریگولیٹری اداروں کو جوابدہ ہونا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا ٹاک شوز اور خبروں میں اپوزیشن کو بھی حکومت کے برابر موقع دیا جاتا ہے۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ڈیجیٹل میڈیا پالیسی تاحال مکمل طور پر منظور نہیں ہوئی جبکہ حکومتی مہمات کے لیے پی آر فرمز کے ذریعے الگ طریقہ کار اختیار کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ میں پاکستان خصوصاً سیالکوٹ میں تیار کردہ فٹبال کا استعمال باعث فخر ہے اور محدود وسائل کے باوجود پی ٹی وی سپورٹس نے ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق حاصل کیے تاکہ نوجوانوں کو عالمی کھیلوں کی نشریات تک رسائی فراہم کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی کو اس وقت کسی مالی بحران کا سامنا نہیں ہے۔

مزید خبریں

Back to top button