بجٹ عوامی توقعات کے مطابق نہیں ہوگا، حکومت کے برے دن شروع ہو چکے ہیں، فواد چودھری


لاہور (جانوڈاٹ پی کے)انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آئندہ پیش ہونے والا بجٹ عوامی امنگوں کے مطابق نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پہلے وزیرِاعظم ہیں جو پانچواں بجٹ پیش کرنے جا رہے ہیں، جبکہ ان کے مطابق ملک میں سیاسی نظام مخصوص جماعتوں کے کنٹرول میں چل رہا ہے۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ ملک میں 28ویں آئینی ترمیم کی ضرورت ہے اور نئے صوبے نہ بننے کی وجہ سے انتظامی مسائل بڑھ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سیاست ایک ہی دائرے میں گھوم رہی ہے اور عوام کو بار بار گمراہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت کے “برے دن” شروع ہو چکے ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ان بیانات سے ملک میں جاری سیاسی کشمکش اور آئینی اصلاحات پر بحث مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔