مظفرآباد میں دفعہ 144 نافذ، آزاد کشمیر میں کشیدگی کے باعث سیکیورٹی ہائی الرٹ

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) شہر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے پورے مظفرآباد میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق نئے حکم نامے کے تحت شہر میں چار یا اس سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آزاد کشمیر میں سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کشیدہ ہے، خصوصاً جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے متعلق حالیہ حکومتی فیصلوں کے بعد حالات مزید حساس ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد وادی بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بعض علاقوں میں دکانیں بند رہیں جبکہ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ اس دوران متعدد رہنماؤں کی گرفتاریوں کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔

ادھر مظفرآباد میں رات گئے پولیس کی جانب سے فلیگ مارچ کیا گیا تاکہ صورتحال پر کنٹرول برقرار رکھا جا سکے۔ حکومتی سطح پر امن و امان کی صورتحال پر مسلسل اجلاس جاری ہیں۔

دوسری جانب سیاسی سطح پر بھی سرگرمیاں تیز ہیں، اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے صورتحال پر غور کے لیے اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button