مولانا محمد ابراہیم محمدی کی حج سے واپسی پر پروقارعشائیہ،شہر کی اہم شخصیات کی شرکت

وزیر آباد(جانوڈاٹ پی کے) ممتاز عالمِ دین مولانا محمد ابراہیم محمدی کی فریضۂ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپسی پر  سید مدثر علی شاہ بخاری کی جانب سے ان کے اعزاز میں ایک پُروقار عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں شہر وزیر آباد کی مذہبی، سماجی، کاروباری اور علمی شخصیات پروفیسر حافظ عبد الستار حامد، پروفیسر ڈاکٹر حامد الرحمٰن ،مہر محمد شفیق، مہر بلا جی،ملک محمد اظہر ،حکیم قاری محمد سعید ،سینئر صحافی رانا فاروق طاہر ،قیم عباس شاہ،معظم محمدی، محمد اسماعیل و دیگر نے  شرکت کی اور مولانا محمد ابراہیم محمدی کو حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا محمد ابراہیم محمدی نے اپنے حج کے روحانی تجربات اور تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ حج زندگی کو بدل دینے والا عظیم فریضہ ہے جو انسان کو اللہ تعالیٰ کے قریب کرتا اور تقویٰ، اخلاص اور صبر کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین میں امتِ مسلمہ کے اتحاد، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ انہوں نے سعودی حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی مثالی سہولیات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سال حج کے انتظامات نہایت بہترین اور قابلِ تحسین رہے۔مولانا محمد ابراہیم محمدی نے حاضرین کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ حج کا اصل مقصد انسان کی عملی زندگی میں مثبت تبدیلی لانا ہے اور ہمیں اپنے کردار، اخلاق اور معاملات میں اسلامی تعلیمات کو اپنانا چاہیے۔تقریب کے میزبان سید مدثر علی شاہ بخاری نے اپنے خطاب میں معزز مہمانوں کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مولانا محمد ابراہیم محمدی شہر کا قیمتی علمی و دینی سرمایہ ہیں اور ان کی حج سے واپسی پر خوشی کا اظہار کرنا ہمارے لیے باعثِ سعادت ہے۔ انہوں نے عشائیہ میں شرکت کرنے والی تمام شخصیات کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اس نیک محفل کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔تقریب خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی جہاں شرکاء نے مولانا محمد ابراہیم محمدی سے حج کے روحانی مشاہدات سنے اور ان کی صحت، سلامتی اور دینی خدمات کے تسلسل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ آخر میں ملکی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور عالمِ اسلام کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button