صحافی ڈاکٹر سعدیہ کمال کی کتاب’’تریمت کتھا‘‘کی تقریبِ پذیرائی

بدین/ اسلام آباد (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو /ڈاٹ/پی کے)محکمہ لائبریریز اسلام آباد کے تحت ْ ْ تریمت کتھا ْ ْ کی تقریب کتاب خواتین کے مسائل کی مؤثر عکاسی کرتی ہے. واجد تبسم، محمد ارشد، سعدیہ کمال کا اظہار خیال

محکمہ لائبریریز اسلام آباد کے زیرِ اہتمام اسلام آباد پبلک لائبریری میں معروف ادیبہ صحافی اور صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز، ڈاکٹر سعدیہ کمال کی کتاب ’’تریمت کتھا‘‘ کی تقریبِ پذیرائی منعقد ہوئی۔ تقریب میں ادبی شخصیات، ماہرینِ تعلیم، صحافیوں لائبریرینز، طلبہ و طالبات اور کتاب دوست افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت غلام عباس، جونیئر لائبریرین، محکمہ لائبریریز اسلام آباد نے حاصل کی۔ بعد ازاں محترمہ عشرت نسیم اور غلام عباس نے کتاب پر اپنے تاثرات اور تنقیدی جائزے پیش کرتے ہوئے اس کے مختلف ادبی اور سماجی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ معروف محقق اور نقاد ڈاکٹر واجد تبسم نے کتاب کا تفصیلی جائزہ پیش کرتے ہوئے مصنفہ کی تخلیقی صلاحیتوں اور اردو ادب میں ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ’’تریمت کتھا‘‘ خواتین کو درپیش سماجی، معاشی اور ثقافتی مسائل کی مؤثر عکاسی کرتی ہے اور ان کے احساسات، جدوجہد اور تجربات کو نہایت حساس انداز میں پیش کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کتاب نہ صرف خواتین کے حقوق اور ان کے مقام پر غور و فکر کی دعوت دیتی ہے بلکہ معاشرے میں شعور اور مثبت تبدیلی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس موقع پر مصنفہ ڈاکٹر سعدیہ کمال نے کتاب کی تخلیق کے پس منظر، موضوعات اور اپنے ادبی سفر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’تریمت کتھا‘‘ دراصل معاشرے میں خواتین کو درپیش مسائل، ان کی جدوجہد، محرومیوں اور کامیابیوں کی داستان ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کتاب قارئین کو خواتین کے مسائل کو بہتر طور پر سمجھنے اور ان کے حل کے لیے مثبت سوچ اپنانے میں معاون ثابت ہوگی۔تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ لائبریریز اسلام آباد، محمد ارشد نے اپنے صدارتی کلمات میں ڈاکٹر سعدیہ کمال کو کتاب کی اشاعت پر مبارکباد پیش کی اور ان کی ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی لائبریریاں علم و ادب کے فروغ، مطالعے کی ثقافت کے استحکام اور فکری مکالمے کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ لائبریریز مستقبل میں بھی ایسی ادبی و علمی سرگرمیوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر سعدیہ. کمال کو محکمہ لائبریریز کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی. تقریب کے اختتام پر شرکاء نے مصنفہ اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایسی ادبی تقریبات معاشرے میں مطالعے کے رجحان اور علمی و ادبی شعور کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی

مزید خبریں

Back to top button