شیرازی ہاؤس مکلی پرعوامی میلے لگے ہوئے رکن قومی اسمبلی سید ایاز علی شاہ شیرازی سےعوام کی ملاقاتیں جاری

ٹھٹھہ(رپورٹ:جاوید لطیف میمن/جانوڈاٹ پی کے)رکن قومی اسمبلی محکمہ فوڈ سیکیورٹی کے سابق وزیر مملکت اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے رکن سید ایاز علی شاہ شیرازی سے شیرازی ہاؤس مکلی پر سجاول، جاتی، جنگشاہی، مکلی اور مختلف شہروں، گاؤں اور علاقوں سے آئے ہوئے مختلف برادریوں کے لوگوں نے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر انہوں نے عوام کے مسائل، مشکلات اور مطالبات غور سے سنے اور ان کے جلد اور مؤثر حل کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
عوامی وفود نے اپنے مسائل کی سماعت اور مثبت رویے پر سید ایاز علی شاہ شیرازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود اور خدمت کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ شیرازی ہاؤس پر سارا دن لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا، جہاں مختلف برادریوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اپنے مسائل پیش کیے۔
سید ایاز علی شاہ شیرازی نے اس موقع پر کہا کہ عوام کی خدمت، ان کے مسائل کا حل اور علاقے کی ترقی ان کی اولین ترجیح ہے، اور وہ ہر فورم پر عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔



