وزیراعظم نے قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس 8 جون کو طلب کر لیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اقتصادی کونسل (NEC) کا اہم اجلاس 8 جون کو طلب کر لیا ہے، جبکہ اجلاس کا باضابطہ نوٹیفکیشن آج جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں وفاقی وزراء، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد کشمیر کے وزیراعظم اور گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی جائے گی، جبکہ آئندہ مالی سال کی معاشی ترجیحات اور ترقیاتی منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
مزید برآں، ذرائع کے مطابق ملک کا اقتصادی سروے 9 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے، جس میں رواں مالی سال کی معاشی کارکردگی، ترقیاتی اہداف اور مختلف شعبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ شامل ہوگا۔
حکومتی سطح پر بجٹ اور اقتصادی حکمتِ عملی سے متعلق سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، جبکہ آئندہ مالی سال کے اقتصادی اہداف پر مشاورت کا عمل بھی جاری ہے۔



