شیخوپورہ میں ماں بیٹی پر تیزاب حملہ، حنا پرویز بٹ کا سخت نوٹس، ملزم گرفتار

شیخوپورہ(جانوڈاٹ پی کے) خاتون اور ان کی 14 سالہ بیٹی پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعے پر چیئرپرسن حنا پرویز بٹ پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ کوٹ عبدالمالک کی حدود میں پیش آیا، جہاں ملزم وقاص نے مبینہ طور پر اپنی سابقہ اہلیہ اور کم سن بیٹی پر تیزاب پھینک دیا۔ حملے کے نتیجے میں خاتون کا بازو اور جسم کے دیگر حصے جھلس گئے جبکہ 14 سالہ بچی کا بازو بھی متاثر ہوا۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم وقاص کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

حنا پرویز بٹ نے کہا کہ Maryam Nawaz کی ہدایات کے مطابق متاثرہ خاتون اور بچی کو ہر ممکن قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تیزاب گردی سنگین اور ناقابلِ معافی جرم ہے، ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسڈ کنٹرول بل 2025 کے تحت تیزاب حملوں میں ملوث افراد کو کم از کم 14 سال قید اور 5 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔ قانون کے مطابق یہ جرم ناقابلِ ضمانت اور ناقابلِ راضی نامہ ہے۔

چیئرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ تیزاب کی خرید و فروخت کو بھی سخت قانونی ضابطوں کے تحت لایا جا چکا ہے، جس کے لیے لائسنس، شناختی کارڈ اور مکمل ریکارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ خواتین اور بچیوں پر تشدد کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور پنجاب میں خواتین کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button