امریکا کا ایران پر دباؤ مزید سخت، آبنائے خلیج فارس اتھارٹی پر نئی پابندیاں عائد

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے ایران پر معاہدے کیلئے دباؤ بڑھاتے ہوئے ایک اور اہم اقدام کے تحت آبنائے خلیج فارس اسٹریٹ اتھارٹی پر پابندیاں عائد کر دی ہیں، جس کے بعد مشرق وسطیٰ میں صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے۔
امریکی وزارت خزانہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب آبنائے ہرمز کو آمدنی کا ذریعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ نئی پابندیوں کا مقصد ان مالی اور سٹریٹجک سرگرمیوں کو محدود کرنا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ ادارہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمدورفت کی نگرانی کیلئے قائم کیا گیا تھا، تاہم امریکا کے مطابق یہ ادارہ پاسدارانِ انقلاب کے اثر و رسوخ میں کام کر رہا ہے۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے ان پابندیوں پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
خطے میں پہلے سے جاری کشیدگی اور امریکی اقدامات کے بعد عالمی منڈیوں اور تیل کی ترسیل سے متعلق خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔



