حج 2026: حجاج کرام آج تینوں جمروں کی رمی میں مصروف، منیٰ میں قیام جاری

منیٰ(جانوڈاٹ پی کے\ ویب ڈیسک) حج 2026 کے روح پرور مناسک جاری ہیں اور ایامِ حج کے چوتھے روز لاکھوں حجاج کرام آج تینوں شیطانوں (جمروں) کی رمی کر رہے ہیں جبکہ طوافِ زیارت اور سعی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج کا تیسرا فرض طوافِ زیارت اور واجب سعی کی ادائیگی آج بھی جاری رہے گی۔ جمرات اور منیٰ کے 511 چوک سے سعودی شٹل سروس کے ذریعے حرم آمدورفت کی سہولت مسلسل فراہم کی جا رہی ہے جبکہ حجاج کرام آج رات بھی وادی منیٰ میں قیام کریں گے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پاکستانی حجاج کو مشاعرِ مقدسہ میں نظم و ضبط، صفائی اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منیٰ کے خیموں اور راستوں پر کولنگ اور صفائی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ حجاج کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
وزیر مذہبی امور کے مطابق شدید گرمی کے پیش نظر حجاج کرام کو دوپہر کے اوقات خیموں میں گزارنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ وہ موسم کی شدت سے محفوظ رہ سکیں۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حجاج کرام مکتب کے کڑے پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے راستوں کی درست معلومات حاصل کر سکتے ہیں جبکہ ضعیف اور معمر حجاج کی رہنمائی کیلئے منیٰ کے اہم مقامات پر پاکستان حج مشن کے گائیڈز 24 گھنٹے خدمات انجام دے رہے ہیں۔



