سیالکوٹ میں نجی اسپتال سے 18 سالہ نرس کی لاش برآمد، واقعہ قتل یا خودکشی؟ تحقیقات جاری

سیالکوٹ (جانوڈاٹ پی کے) سیالکوٹ کے تھانہ سبز پیر کے علاقے میں ایک نجی اسپتال سے 18 سالہ نرس سعدیہ کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے بعد علاقے میں افسوس اور تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

پولیس کے مطابق مقتولہ سعدیہ دختر بشیر، چارواہ کی رہائشی تھی اور نجی اسپتال میں بطور نرس خدمات انجام دے رہی تھی۔ لاش پر 12 بور ہتھیار کے فائر کا نشان پایا گیا جبکہ موقع سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

ابتدائی بیان میں سیکیورٹی گارڈ نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنی بندوق چھوڑ کر کچھ دیر باہر گیا تھا، اور واپس آنے پر نرس نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار لی تھی۔

تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق معاملہ خودکشی نہیں بلکہ قتل کا شاخسانہ لگتا ہے، اس لیے مختلف زاویوں سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے لاش اور ہتھیار کو قبضے میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

حکام کے مطابق حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش کے بعد اصل حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button