وفاقی حکومت کا بڑا فیصلہ، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کے لیے بجلی کنکشن کے قواعد میں نرمی


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی حکومت پاکستان نے الیکٹرک وہیکل (EV) چارجنگ اسٹیشنز کے لیے بجلی کنکشن کے قوانین میں اہم ترمیم کرتے ہوئے ملک میں برقی گاڑیوں کے انفراسٹرکچر کو فروغ دینے کے لیے نئی سہولیات متعارف کر دی ہیں۔
نئی پالیسی کے مطابق اب ایک ہی مقام پر چارجنگ اسٹیشن کے لیے دوسرا بجلی کنکشن بھی حاصل کیا جا سکے گا، جبکہ ایک ہی عمارت یا جگہ پر اضافی ٹرانسفارمر لگا کر علیحدہ کنکشن لینے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔ اس سے قبل ایک مقام پر صرف ایک ہی کنکشن فراہم کیا جاتا تھا۔
حکومتی فیصلے کے تحت الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کے لیے خصوصی اور نسبتاً سستا ٹیرف مقرر کیا گیا ہے، جس کا مقصد EV انڈسٹری کی حوصلہ افزائی اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا ہے۔
تاہم واضح کیا گیا ہے کہ بجلی کا استعمال صرف چارجنگ اسٹیشن کے آپریشنز تک محدود ہوگا، اور کسی بھی غیر مجاز استعمال کی صورت میں کنکشن منقطع کر دیا جائے گا اور اضافی بلز بھی وصول کیے جائیں گے۔
کنکشن کے حصول کے لیے مالکان کو حلف نامہ جمع کرانا ہوگا جس میں اس بات کی یقین دہانی شامل ہوگی کہ بجلی صرف الیکٹرک وہیکل چارجنگ کے لیے استعمال کی جائے گی۔