شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ان کے گھر والوں کی میتیں عراق کے شہر نجف پہنچا دی گئیں

نجف(جانوڈاٹ پی کے)ایران کے شہید رہبر اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ان کے گھر والوں کی میتیں ایران سے عراق کے شہر نجف پہنچا دی گئیں۔
ائیر پورٹ پر عراقی وزیراعظم ، اعلیٰ عراقی حکام اور بڑی تعداد میں دیگر لوگ موجود تھے، ایران کے صدر مسعود پزشکیان بھی جلوسِ جنازہ میں شرکت کے لیے نجف پہنچے ہیں۔
نجف میں امام علی کے روضے پر آیت اللہ خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی میتیں لے جائی جائیں گی، بعد میں انہیں کربلا میں امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے روضے پر بھی لے جایا جائے گا۔
اس سے قبل منگل کی صبح ایران کے شہر قم کی مسجد جمکران میں آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے اہلخانہ کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جلوس جنازہ میں لاکھوں لوگ شریک ہوئے، جنازے کا جلوس کئی کلو میٹر تک پھیلا ہوا تھا، گود کے بچوں سے لے کر بڑی عمر کے افراد تک سب جلوس جنازہ میں شریک ہوئے۔
اس دوران انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔
اس سے پہلے تہران میں آیت اللہ خامنہ ای اور ان کے اہلخانہ کے نماز جنازہ میں انسانوں کا سمندر دیکھا گیا۔بین الاقوامی اداروں کی رپورٹ کے مطابق نمازہ جنازہ اور جلوس جنازہ میں لاکھوں افراد موجود رہے۔
واضح رہے کہ ایران کے شہید رہبر اعلیٰ کو 9 جولائی کو مشہد میں امام علی رضا کے روضے کے احاطے میں سپردِ خاک کیا جائے گا ۔



