حکومت سندھ نے500نئی ای وی بسوں کی منظوری دیدی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)حکومت سندھ نے 500 نئی ای وی بسوں کی منظوری دے دی جو کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلائی جائیں گی۔سندھ اسمبلی میں رکن ایم کیو ایم پاکستان نصیر احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منگھوپیر کے علاقے میں کوئی پبلک ٹرانسپورٹ نہیں، میں پہلے بھی آواز اٹھا چکا ہوں کہ بسیں چلائی جائیں۔سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اورنگی، بنارس اور دیگر علاقوں میں بس سروس شروع کریں گے، مختلف روٹس پر بھی نئی بسیں چلائی جائیں گی، تین نئے روٹس شروع کر رہے ہیں،سندھ بھر میں بسوں کا نیٹ ورک بڑھا رہے ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ جو نشاندہی کی گئی حکومت اس پر کام کر رہی ہے، حکومت سندھ نے 500 نئی ای وی بسوں کی منظوری دے دی ہے، ٹنڈو الہ یار ،خیر پور اور روہڑی سمیت نئے روٹس شروع کیے ہیں، کراچی میں گلشن معمار سے نیا روٹ شروع کیا ہے۔رکن ایم کیو ایم معاذ محبوب نے کہا کہ میرے حلقے سمیت ہر جگہ گٹکا ماوا مل رہا ہے، یہ کام پولیس سرپرستی میں ہو رہاہے، منشیات کھلے عام بک رہی ہے، وزیر داخلہ صاحب میرے حلقے میں چلیں میں نشاندہی کروں گا جس پر وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ گٹکا ماوے کی روک تھام کے لیے کام کر رہے ہیں۔



