سجاول: یونس درس قتل کیس کا فیصلہ، دو مرکزی ملزمان کو 25،25 سال قید کی سزا

سجاول (جانوڈاٹ پی کے) فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج سجاول، سید اعجاز علی شاہ کی عدالت نے مشہور یونس درس قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے دو مرکزی ملزمان کو مجموعی طور پر قید اور جرمانے کی سزا سنا دی ہے، جبکہ ایک شریک ملزم کو عدم شواہد کی بنا پر بری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم علی رضا اور غلام علی درس کو 25،25 سال قید اور 10،10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ اس کے علاوہ، واقعے میں بلاول نامی شہری کو زخمی کرنے کے جرم میں دونوں ملزمان کو مزید 10،10 سال قید کی سزا بھی کاٹنی ہوگی۔ عدالت نے مقدمے میں نامزد شریک ملزم قاسم کو ثبوت نہ ہونے پر بری کرنے کا حکم دیا۔ استغاثہ کی جانب سے سرکاری وکیل منور علی دایو نے مقدمے کی پیروی کی۔ واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف درگاہ شاہ یقیق کے مسافر خانے میں ہونے والے ایک جھگڑے کے دوران قتل اور اقدامِ قتل کا یہ مقدمہ درج کیا گیا تھا۔



