ماتلی: 13 برس سے تقرری کے منتظر این ٹی ایس پاس امیدواروں کا آفر لیٹرز کے لیے پریس کلب کے باہر احتجاج

ماتلی (ایم آر گدی / جانو ڈاٹ پی کے) نیشنل ٹیسٹنگ سروس (NTS) کے تحت سال 2013ء میں ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں نے گزشتہ 13 برس سے آفر لیٹرز جاری نہ ہونے کے خلاف ماتلی پریس کلب کے سامنے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ امیدواروں نے مطالبہ کیا ہے کہ 10 جولائی 2026ء کو منعقد ہونے والے اسپیشل کمیٹی کے اجلاس میں ویٹنگ لسٹ میں شامل تمام این ٹی ایس پاس امیدواروں کو شامل کر کے ان کی فوری تقرریوں کی منظوری دی جائے۔
احتجاج کی قیادت عابد حسین لغاری، عبداللہ لغاری، نبی بخش، طفیل احمد اور ولی محمد کھوسہ نے کی۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر کامیابی حاصل کرنے کے باوجود وہ گزشتہ 13 سال سے اپنے جائز حق کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، جس کی وجہ سے ان کا مستقبل داؤ پر لگ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل انتظار اور حکومتی عدم توجہی نے امیدواروں اور ان کے خاندانوں کو شدید ذہنی اور معاشی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ مظاہرین نے حکومتِ سندھ اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ اسپیشل کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں ان کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کر کے بلا تاخیر آفر لیٹرز جاری کیے جائیں۔



