حیدرآبادبدین مین روڈ پرتجاوزات کیخلاف آپریشن،رکاوٹیں ہٹا دی گئیں

ماتلی(ایم آر گدی/جانو ڈاٹ پی کے)حیدرآباد۔بدین مین روڈ پر جاری سڑک کی تعمیر کے منصوبے میں حائل رکاوٹوں اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے مونسپل کمیٹی ماتلی کے چیف آفیسر عتیق الحق رحمان قائمخانی اور مختیارکار ماتلی منصف جونیجو کی قیادت میں اینٹی انکروچمنٹ عملے اور ریونیو حکام نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے روڈ کی حدود میں قائم تجاوزات اور غیرقانونی رکاوٹیں ہٹا دیں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ شاہراہ پر پیور بلاک کے ذریعے سڑک کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے بھی تقریباً ساٹھ کروڑ روپے کی لاگت سے شہر بھر میں نئی گیس لائنوں کی تنصیب کا منصوبہ زیر تکمیل ہے تاہم مختلف مقامات پر تجاوزات کے باعث تعمیراتی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا تھا جس پر انتظامیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے رکاوٹیں دور کر دیں اور سڑک کی حدود کلیئر کرا دی گئی۔

اس موقع پر مختیارکار ماتلی منصف جونیجو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں اور سرکاری راستوں پر ناجائز تجاوزات قائم کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے جس سے نہ صرف ترقیاتی کام متاثر ہوتے ہیں بلکہ عوام کو بھی آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح عوامی مفاد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنا ہے اور اس مقصد کے لیے کسی بھی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ علما کرام تاجر برادری اور سماجی شخصیات کو چاہیے کہ وہ عوام میں شعور اجاگر کریں اور انہیں اس بات کی ترغیب دیں کہ وہ سڑکوں اور گزرگاہوں پر تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں تاکہ شہریوں کو سہولت میسر آ سکے انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ کسی بھی مقام پر تجاوزات قائم کی گئیں تو قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور دکاندار اپنی مقررہ حدود میں رہ کر کاروبار کریں اور سرکاری زمین یا روڈ ایریا میں سامان رکھنے سے اجتناب کریں بصورت دیگر سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ جاری ترقیاتی منصوبہ ہر صورت بروقت مکمل کیا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button