چھاچھرو کے قریب آسمانی بجلی سے متاثرہ محنت کش خاندان کی مدد، حسوا ویلفیئر نے بکریاں فراہم کر دیں

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) گاؤں کیتا بجیر میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعے میں محنت کش مبارک بجیر کی 14 بکریاں ہلاک ہوگئیں، جس کے باعث متاثرہ خاندان کو شدید مالی نقصان اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر حسوا ویلفیئر کے سرپرستِ اعلیٰ حاجی رفیق بخاری نے متاثرہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بکریاں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ اس سلسلے میں حسوا ویلفیئر کے چیئرمین حاجی غلام علی سیٹھار جائے وقوعہ پر پہنچے اور بکریاں خرید کر متاثرہ خاندان کے حوالے کردیں۔ اس اقدام سے متاثرہ خاندان کو ہونے والے مالی نقصان کے ازالے میں کچھ مدد ملی۔ دوسری جانب علاقہ کی باشعور شخصیات اور شہریوں نے حسوا ویلفیئر کی جانب سے متاثرہ خاندان کی مدد اور انسانی ہمدردی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے تنظیم کی کاوشوں کی تعریف کی۔



