آئی سی سی نے گورننس خدشات کے باعث کرکٹ کینیڈا کی فنڈنگ 6 ماہ کیلئے معطل کردی

دبئی(جانوڈاٹ پی کے)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے گورننس سے متعلق سنگین خدشات کے باعث کرکٹ کینیڈا کی فنڈنگ چھ ماہ کے لیے معطل کر دی ہے جس کے بعد کینیڈین کرکٹ بورڈ کو بڑا مالی دھچکا پہنچا ہے۔آئی سی سی نے رواں ہفتے کرکٹ کینیڈا کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فنڈنگ کی معطلی سے قومی ٹیموں کی کرکٹ سرگرمیوں یا ہائی پرفارمنس پروگرامز پر فوری اثر نہیں پڑے گا، تاہم کرکٹ کینیڈا کی آمدنی کا بڑا حصہ آئی سی سی فنڈز پر مشتمل ہے۔ 2024 کے مالیاتی گوشواروں کے مطابق بورڈ کی کل آمدنی میں تقریباً 63 فیصد حصہ آئی سی سی کی جانب سے فراہم کردہ فنڈنگ کا تھا جو تقریباً 3.6 ملین کینیڈین ڈالر بنتا ہے۔

آئی سی سی نے تاحال ان گورننس مسائل کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم کینیڈا میں نشر ہونے والے ایک تحقیقاتی پروگرام میں کرکٹ کینیڈا میں مالی نگرانی کی کمی اور آئی سی سی پالیسیوں کی مبینہ خلاف ورزیوں کا انکشاف کیا گیا تھا۔

کرکٹ کینیڈا گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف تنازعات کی زد میں ہے۔ حال ہی میں کینیڈا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ میچ بھی آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کی تحقیقات کا حصہ بنا جبکہ سابق ہیڈ کوچ خرم چوہان کی ایک مبینہ آڈیو لیک کے بعد بھی تحقیقات جاری ہیں جس میں سابق بورڈ اراکین پر کھلاڑیوں کے انتخاب میں دباؤ ڈالنے اور میچ فکسنگ سے متعلق الزامات سامنے آئے تھے۔

ادھر کرکٹ کینیڈا کی انتظامیہ پہلے ہی سابق چیف ایگزیکٹو سلمان خان کی تقرری اور بعد ازاں برطرفی کے معاملے پر تنقید کی زد میں رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ان پر ماضی کے مقدمات ظاہر نہ کرنے کا الزام تھا جبکہ کیلگری پولیس نے ان پر فراڈ اور چوری کے مقدمات بھی قائم کیے  جن کی انہوں نے تردید کی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button