پاک بنگلہ دوسراٹیسٹ،پاکستان نے278رنز کے جواب میں ایک وکٹ گنواکر21رنز داغ دیئے

ڈھاکہ(جانوڈاٹ پی کے)دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان کیخلاف بنگلادیش کی ٹیم پہلی اننگز میں278رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جبکہ دن کے اختتام تک پاکستان نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے21رنز بنالیے۔سہلٹ میں سیریز برابر کرنے کےلیے میدان میں اترنے والی پاکستان ٹیم نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستانی بولرز نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور پہلے ہی اوور میں محمد عباس نے وکٹ حاصل کی جس کے بعد 44 رنز پر محمد عباس نے ہی دوسری وکٹ بھی حاصل کرلی۔پہلے سیشن کے اختتام پر بنگلادیش نے 3 وکٹ کے نقصان پر 101 رنز بنائے۔بعدازاں دوسرے سیشن میں بھی پاکستان کی جانب سے بنگلادیشی بیٹرز کو آؤٹ کرنے کا سلسلہ جاری رہا اور چائے کے وقفے تک ہوم ٹیم کے 6 کھلاڑی 168 رنز تک پولین لوٹ چکے تھے۔تاہم تیسرے سیشن میں لٹن داس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے سنچری بناتے ہوئے 126 رنز کی اننگز کھیلی ٹیم کو 278 رنز تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔بنگلادیش کی جانب سے داس کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں نجم الحسن شانتو 29، تنزید حسنن 26، مشفق الرحیم 23، مومن الحق 22 اور تیج الاسلام 16 رنز بنا کر نمایاں رہے۔پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 4، محمد عباس نے 3، حسن علی 2 اور ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔پہلے دن کے اختتام تک پاکستان نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 21 رنز بنالیے۔ اوپنرز اذان اویس اور عبداللّٰہ فضل بالترتیب 13 اور 8 رنز کے ساتھ دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کریں گے۔پاکستان ٹیم میں اذان اویس، کپتان شان مسعود، بابر اعظم، عبداللّٰہ فضل، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان آغا، خرم شہزاد، ساجد خان، حسن علی اور محمد عباس شامل ہیں۔آج کے میچ کے لیے امام الحق، شاہین آفریدی اور نعمان علی کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ بنگلا دیش نے جیتا تھا۔



