تھرپارکر،ڈینگی کیخلاف ہنگامی کارروائیاں،کلوئی کے گاؤں پدھریو مورا میں وی بی ڈی ٹیم کی سرگرمیاں تیز

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر میں ڈینگی کے رپورٹ ہونے والے کیسز کے بعد ضلعی صحت دفتر کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی ایچ او تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی کی ہدایات پر 13 اور 14 مئی 2026 کے دوران تعلقہ کلوئی کی یونین کونسل گُرڑا بھہ کے گاؤں پدھریو مورا میں ویکٹر بورن ڈیزیز (VBD) ٹیم کی جانب سے ڈینگی کیس رسپانس مہم چلائی گئی۔ وی بی ڈی ٹیم نے متاثرہ علاقے کا دورہ کرکے ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لیا، جہاں مختلف احتیاطی اور حفاظتی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ ٹیم کی جانب سے مقامی رہائشیوں میں صحت سے متعلق آگاہی مہم بھی چلائی گئی، جس دوران لوگوں کو مچھروں کی افزائش روکنے، گھروں اور اطراف میں صفائی برقرار رکھنے اور کھڑے پانی کے خاتمے سے متعلق عملی مظاہروں کے ذریعے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر متاثرہ علاقوں میں ویکٹر سرویلنس بھی کی گئی تاکہ ڈینگی پھیلانے والے مچھروں کی موجودگی اور افزائش کے مقامات کی نشاندہی کی جاسکے۔ ڈینگی کے مثبت مریضوں کو ایل ایل آئی این (LLIN) یعنی خصوصی مچھر دانیاں بھی فراہم کی گئیں۔ وی بی ڈی ٹیم کی جانب سے انڈور ریزیڈیول اسپرے (IRS) مہم کے تحت 94 گھروں اور 135 کمروں میں اسپرے کیا گیا تاکہ مچھروں کے خاتمے کو یقینی بنایا جاسکے۔ مہم میں مسٹر گلاب رائے (AMS VBD) اور مسٹر نیاز سمیت وی بی ڈی عملے نے حصہ لیا، جبکہ ڈاکٹر سترام روپانی (ڈی ڈی ایچ او کیو ریٹو) اور ڈاکٹر غلام محی الدین دیرو (ڈی ڈی ایچ او وی بی ڈی) کے مطابق علاقے میں ڈینگی کے خلاف رسپانس سرگرمیاں جاری ہیں اور محکمہ صحت صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔



