بلاول بھٹو زرداری کل کوئٹہ میں صحت کے 11 بڑے منصوبوں کا افتتاح کریں گے

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کل 15 مئی بروز جمعہ صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں صحت کے شعبے سے متعلق 11 اہم منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔
یہ تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس کوئٹہ میں شام 4 بجے منعقد ہوگی، جس میں ہنگامی طبی امداد، ٹراما کیئر، ماں اور بچے کی صحت، حفاظتی ٹیکہ جات، ٹی بی کے علاج، ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹم اور جدید طبی سہولتوں سے متعلق منصوبے شامل ہوں گے۔
افتتاح کیے جانے والے اہم منصوبوں میں کوئٹہ میں اسپنی روڈ پر 150 بستروں پر مشتمل ٹراما ایمرجنسی اینڈ رسپانس انسٹیٹیوٹ شامل ہے، جو روڈ حادثات، قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی حالات میں فوری اور معیاری طبی سہولتیں فراہم کرے گا۔ اس ادارے میں جدید آپریشن تھیٹرز، آئی سی یو، ایمرجنسی وارڈز اور تشخیصی سہولیات قائم کی گئی ہیں جبکہ طبی عملے کو خصوصی تربیت بھی دی جا رہی ہے۔
اسی طرح بینظیر ایمبولینس سروس برائے ہنگامی حالات کے تحت حاملہ خواتین، حادثات کے زخمیوں اور تشویشناک مریضوں کو فوری اسپتال منتقل کرنے کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے گا، جس کے لیے صوبے میں کنٹرول مراکز اور جدید ایمبولینسز فراہم کی گئی ہیں۔
بلوچستان میں پیپلز ایئر ایمبولینس بھی متعارف کرائی جا رہی ہے جو دور دراز علاقوں سے مریضوں کی ہنگامی فضائی منتقلی کے لیے استعمال ہوگی۔ اس منصوبے کے تحت موجودہ سرکاری طیارے کو جدید ایئر ایمبولینس میں تبدیل کیا گیا ہے، جس میں آکسیجن سسٹم، مانیٹرنگ آلات اور نوزائیدہ بچوں کے لیے انکیوبیٹر بھی شامل ہے۔
کوئٹہ میں خواتین اور بچوں کے علاج کے لیے 50 بستروں پر مشتمل باچا خان میموریل اسپتال بھی منصوبوں کا حصہ ہے، جہاں زچہ و بچہ کی نگہداشت، ایمرجنسی اور جدید تشخیصی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
صوبے بھر میں 164 بنیادی صحت مراکز کی بحالی بھی مکمل کی گئی ہے تاکہ دیہی اور دور دراز علاقوں میں عوام کو بنیادی طبی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔
دیگر منصوبوں میں سرکاری ملازمین کے لیے ہیلتھ انشورنس پروگرام، حفاظتی ٹیکہ جات کے نظام کی بہتری، چائلڈ لائف ایمرجنسی سروسز کی توسیع، ہیلتھ انفارمیشن اینڈ ڈیجیٹلائزیشن یونٹ، پیپلز ویلفیئر پروگرام اور 10 اضلاع میں ڈرگ ریزسٹنٹ ٹی بی علاج مراکز کا قیام شامل ہے۔
ان منصوبوں کا مقصد بلوچستان میں صحت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، علاج معالجے تک رسائی کو آسان بنانا اور دور دراز علاقوں تک فوری طبی سہولتیں فراہم کرنا بتایا گیا ہے۔



