نان بائیوں اور محکمہ خوراک کا روٹی کی قیمت پر تنازع، تندور بند کرنے کی دھمکی


لاہور (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) نان بائی ایسوسی ایشن اور محکمہ خوراک کے درمیان روٹی اور نان کی قیمتوں کے تعین پر تنازع تاحال برقرار ہے، جس کے باعث صوبے میں روٹی کی قیمت میں اضافے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نان بائی ایسوسی ایشن نے قیمتوں کے معاملے پر ہفتے کے روز اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں نان اور روٹی کی نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔
ایسوسی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ روٹی کی قیمت 25 روپے جبکہ نان کی قیمت 35 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر سرکاری سطح پر زبردستی یا دباؤ ڈالا گیا تو احتجاجاً تندور بند کرنے کا آپشن بھی زیر غور ہے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت تاحال روٹی اور نان کی نئی سرکاری قیمتوں کا تعین نہیں کر سکی، جس کے باعث معاملہ بدستور تعطل کا شکار ہے۔