امریکا نے پاکستان سے اسمگل ہونیوالے 450 سے زائد نوادرات واپس بھیج دیئے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)امریکا نے پاکستان سے اسمگلنگ ہونے والے 450 سے زائد نوادرات واپس بھیج دیئے ہیں، اسلام آباد میوزیم میں منعقدہ تقریب کے دوران باضابطہ طورپرنوادرات کو حوالے کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق تقریب میں نوادرات کی اسمگلنگ روکنے اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ وطن واپس بھیجے گئے نوادرات میں تاریخی طور پر اہم اشیاء شامل ہیں۔

نوادرات کو امریکی اداروں اور پاکستانی حکام کے قریبی تعاون کے ذریعے برآمد کیا گیا تھا، امریکا سے واپس آنے والے نوادرات پاکستان میں محفوظ اور ڈسپلے کئے جائیں گے۔

امریکی معاون وزیرخارجہ برائے جنوبی اور وسط ایشیائی امور ایس پال کپور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوادرات پاکستان کی تاریخ کے ابواب کی نمائندگی کرتے ہیں،نوادرات میں ٹیراکوٹا کے مجسمے بھی شامل ہیں جو 4 ہزار سال سے زیادہ پرانے ہیں۔ ان میں سے ہر چیز ایک کہانی بیان کرتی ہے،ہرایک کا تعلق پاکستان کے لوگوں سے ہے۔

مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس کے نوادرات کی اسمگلنگ یونٹ نےان تمام نوادرات کو برآمد کیا، پچھلی دہائی میں امریکا سے تقریباً 23 ملین ڈالر مالیت کی 514 نوادرات پاکستان واپس بھیجی گیئں، یہ اشیاء بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورکس میں مجرمانہ تحقیقات کے ذریعےضبط کی گئیں، نوادرات میں 1.1ملین ڈالرکابدھا پاڑا کا نایاب مجسمہ بھی ہے جسے لوٹ کر نیویارک لے جایا گیا تھا، پاکستانی حکام نے نوادرات کی واپسی کاخیرمقدم کیاہے۔

مزید خبریں

Back to top button