وجے تھلاپتی کی سپر اسٹار سے وزیراعلیٰ تک کے سیاسی سفر کی دلچسپ داستان

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)تامل ناڈو کی سیاست میں فلمی دنیا سے ابھرنے والے سپر اسٹار وجے تھلاپتی کا سفر ایک غیرمعمولی اور حیران کن سیاسی داستان بن چکا ہے۔

مئی 2026 میں وزارتِ اعلیٰ کا حلف اٹھانے والے وجے، جن کا اصل نام جوزف وجے چندر شیکھر ہے، نے نہ صرف کئی دہائیوں سے قائم سیاسی نظام کو چیلنج کیا بلکہ ایک مضبوط عوامی تحریک کے ذریعے اقتدار تک رسائی حاصل کی۔

فلمی شہرت کے باوجود ان کا سیاسی سفر آسان نہیں تھا، انہیں ابتدا میں ہی قانونی دباؤ، سیاسی مخالفت، تنقید اور ذاتی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مخالفین کی جانب سے ان کی جماعت اور کارکنوں کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا، تاہم وجے نے مسلسل عوامی خدمت کے ذریعے اپنی الگ شناخت قائم کی۔

رپورٹس کے مطابق وجے نے اپنی سیاسی بنیاد 2009 میں ہی رکھ دی تھی، جب انہوں نے اپنے فین کلبز کو فلاحی تنظیموں میں تبدیل کردیا۔

ان تنظیموں نے خون کے عطیات، سیلاب متاثرین کی بحالی، طلبہ کی مالی معاونت اور سماجی خدمت کے متعدد منصوبوں میں حصہ لیا، جس کے باعث عوام میں ان کی مقبولیت تیزی سے بڑھتی گئی۔

بعد ازاں مخالف جماعتوں نے ان کے کارکنوں کا مذاق اڑاتے ہوئے انہیں “انیل” یعنی گلہری کا نام دیا، لیکن وجے نے اسی لقب کو اپنی سیاسی طاقت اور شناخت بنا لیا۔

انہوں نے یہ ثابت کیا کہ تبدیلی محض مقبولیت سے نہیں بلکہ مسلسل عوامی خدمت اور منظم جدوجہد سے آتی ہے۔

سال 2021 کے بلدیاتی انتخابات میں وجے نے اپنے کارکنوں کو عملی سیاست میں اتارا، جہاں ان کے حمایت یافتہ امیدواروں نے 169 میں سے 115 نشستیں جیت کر سیاسی حلقوں کو حیران کردیا۔

اس کامیابی نے واضح کردیا کہ ان کی مقبولیت صرف فلمی شہرت تک محدود نہیں بلکہ ایک منظم سیاسی قوت میں تبدیل ہوچکی ہے۔

سال 2024میں اپنی جماعت ’تاملگا ویٹری کزگم‘ کے باقاعدہ قیام کے بعد وجے نے پارٹی تنظیم سازی پر خصوصی توجہ دی۔

پارٹی رہنماؤں کے انتخاب کے لیے مکمل جانچ پڑتال، انٹرویوز اور نوجوان قیادت کی تیاری کے لیے منظم حکمتِ عملی اپنائی گئی، دو برسوں کے اندر اسی فین فالوونگ کو، جسے کبھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا، ایک مضبوط ووٹ بینک میں تبدیل کردیا گیا۔

بالآخر عوامی حمایت، فلاحی سیاست اور منظم حکمت عملی کے بل بوتے پر وجے تھلاپتی نے تامل ناڈو کی وزارتِ اعلیٰ حاصل کرلی اور یوں فلمی دنیا کا ایک سپر اسٹار عملی سیاست میں نئی تاریخ رقم کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

مزید خبریں

Back to top button