آن لائن فراڈ کیس: وفاقی آئینی عدالت نے بینک کی اپیل مسترد، رقوم واپسی کا حکم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی آئینی عدالت نے لیہ کے رہائشی کے ساتھ ہونے والے آن لائن بینک فراڈ کیس میں نجی بینک کی اپیل مسترد کرتے ہوئے متاثرہ شہری کو رقم واپس کرنے کا حکم دے دیا۔
سماعت جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے بینکنگ سکیورٹی اور آن لائن فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔
جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ہیکرز اکثر بینکنگ سسٹم کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں، اس لیے بینکوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا سسٹم مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ صارفین بے چارے کہاں جائیں جب ان کے اکاؤنٹس سے رقوم غائب ہو جائیں۔
سماعت کے دوران جج نے ذاتی تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی ایک بار او ٹی پی شیئر کرنے کی کال موصول ہوئی تھی، جسے انہوں نے مشکوک سمجھ کر نظرانداز کر دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ بینکنگ محتسب، صدر مملکت اور ہائیکورٹ پہلے ہی بینک کے خلاف فیصلہ دے چکے ہیں، لہٰذا اپیل میں کوئی وزن نہیں۔
بینک کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ شہری نے خود اپنی ایپ کے ذریعے ٹرانزیکشن کی تھی، جبکہ متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ ان کا موبائل نمبر ہیک کر لیا گیا تھا۔



