نئے صوبوں کا حامی اورداعی ہوں، نئے انتظامی یونٹس سے وفاق مزید مضبوط ہوگا: رضاحیات ہراج

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے کہا ہےکہ وہ کئی سالوں سے نئے صوبوں کے حامی اور داعی ہیں۔
وفاقی وزیر رضاحیات ہراج نے محسن نقوی کی نئے یونٹس کے حوالے سے بیان کو درست قرار دیا، ایک بیان میں انہوں نےکہاکہ نئے انتظامی یونٹس بنانے سے وفاق مزید مضبوط ہوگا۔
انہوں نےکہا کہ نئے انتظامی یونٹس سےگورننس بہتر ہوگی، حالات بہتر ہوجائیں گے، محسن نقوی نے نئے یونٹس کے حوالے سے درست بات کی ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نےکہا کہ جنوبی پنجاب کےقیام پرمکمل اتفاق پایا جاتا ہے، ہماری محرومیوں اورغربت کا حل نیا صوبہ ہے، جنوبی پنجاب صوبہ بننا چاہیے، نئےصوبے آبادی کی بنیاد پربننے چاہیے۔
رکن قومی اسمبلی پیپلزپارٹی آغا رفیع اللہ نے کہا جنوبی پنجاب صوبے کی تحریک دو تہائی اکثریت سے اسمبلی سے پاس ہوئی، اگرنئے صوبے کےلیے سنجیدہ ہیں توپنجاب میں نئےصوبے کےلیے اسمبلی سے قرارداد منظورہوچکی ہے، آئین میں واضح ہےکہ جس صوبے میں تبدیلی لانی ہے وہاں کی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے پاس کریں۔



