وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا عالمی یومِ انا سے آگاہی پر پیغام

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ انا سے آگاہی (World Ego Awareness Day) کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انا پر قابو پانا اور خود احتسابی ایک مہذب سماج کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن عاجزی، برداشت اور مثبت رویوں کے فروغ کا درس دیتا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ معاشرے میں ہم آہنگی، برداشت اور امن کے قیام کے لیے جذباتی شعور انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انا پرستی انسانوں کے درمیان فاصلے پیدا کرتی ہے جبکہ شعور، محبت اور احترامِ انسانیت لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ نوجوان نسل میں برداشت، ہمدردی اور خود آگاہی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت ذہنی صحت، سماجی ہم آہنگی اور مثبت انسانی رویوں کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آج کے دن اپنے رویوں کا جائزہ لے کر ایک بہتر، پُرامن اور باہمی احترام پر مبنی سماج کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔

مزید خبریں

Back to top button