مدرز ڈے: محسن نقوی کا ماؤں کی محبت، قربانی اور عظمت کو سلام

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مدرز ڈے کے موقع پر ماؤں کی بے مثال محبت، قربانی اور عظمت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماں وہ عظیم ہستی ہے جو اولاد کے لیے ہر دکھ، تکلیف اور آزمائش کو خاموشی سے برداشت کر کے خوشیاں بانٹتی ہے۔

اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ ماں کی گود ہر بچے کی پہلی درسگاہ ہے جہاں سے محبت، اخلاق، صبر اور انسانیت کے بنیادی اصول سیکھنے کا آغاز ہوتا ہے۔ انہوں نے شہدائے وطن کی عظیم ماؤں کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سلام ان ماؤں کو جنہوں نے معرکۂ حق کے لیے شیر دل بیٹے پیدا کیے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ماں کی دعائیں زندگی کے اندھیروں میں امید کی کرن بن کر راستے روشن کرتی ہیں اور کامیابی کے دروازے کھولتی ہیں۔ ان کے مطابق دین اسلام میں ماں کا مقام انتہائی بلند ہے اور ماں کی محبت بے غرض، بے لوث اور خالص ہوتی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ماں کے بغیر زندگی ادھوری اور بے رنگ محسوس ہوتی ہے، جبکہ آج وہ جس مقام پر ہیں اس میں ان کی والدہ کی دعائیں ہمیشہ شاملِ حال رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر شخص ماں کی خدمت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھے اور ہر دن ماں کی محبت اور قربانی کا اعتراف کرے۔

مزید خبریں

Back to top button