ڈینور ایئرپورٹ پر افسوسناک حادثہ، طیارے سے ٹکرانے کے بعد ایک شخص ہلاک

کولوراڈو(ویب ڈیسک)امریکا کے ڈینور ایئرپورٹ پر ایک افسوسناک واقعے میں مسافر طیارہ ٹیک آف کے دوران رن وے پر موجود ایک شخص سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق فرنٹیئر ایئرلائنز کی پرواز 4345 جمعے کی رات تقریباً 11 بج کر 19 منٹ پر لاس اینجلس کے لیے روانگی کے دوران رن وے پر موجود شخص کی زد میں آ گئی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے دوران مذکورہ شخص طیارے کے انجن کے قریب بھی پہنچ گیا جس کے باعث انجن میں آگ بھڑک اٹھی۔ تاہم ایئرپورٹ عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص ایئرپورٹ کی حفاظتی باڑ عبور کر کے اندر داخل ہوا تھا اور داخلے کے تقریباً دو منٹ بعد یہ حادثہ پیش آیا۔

طیارے میں 224 مسافر اور 7 عملے کے افراد سوار تھے، جن میں سے ایک مسافر معمولی زخمی ہوا ہے۔

واقعے کے بعد ایئرپورٹ کی سیکیورٹی اور حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھ گئے ہیں جبکہ حکام نے مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ شخص رن وے تک کیسے پہنچا۔

مزید خبریں

Back to top button