پاکستان اور امریکا کا انسدادِ دہشت گردی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اور امریکا نے انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے اور خطے کو درپیش شدت پسندی کے خطرات سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 4 اگست کو پاکستان اور امریکا کے درمیان انسدادِ دہشت گردی مکالمے کا چوتھا دور واشنگٹن میں منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک کے حکام نے سکیورٹی تعاون سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دفتر خارجہ کے اعلامیے کے مطابق مذاکرات میں موجودہ سکیورٹی خطرات، باہمی تعاون کے فروغ، سرحدی سلامتی کو مزید مؤثر بنانے اور شدت پسند عناصر کے معاون نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔
دونوں ممالک نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔



