پاکستان امن کیلئے کوشاں ہے،فیلڈ مارشل نے بتایا ہےایران کا جواب موصول ہوگیا،وزیر اعظم

پہلگام واقعے کو جواز بنا کر ہم پر حملہ کیا گیا،پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں امن کیلئے کوشاں ہے ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بتایا ہے کہ ایران کی جانب سے جواب موصول ہوگیا ہے۔پاکستان مونومنٹ میں معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ صدرٹرمپ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے جنگ رکوانے میں کردار ادا کیا ہے ،پاکستان برادر اسلامی ممالک میں امن قائم کرنے کیلئے کوشاں ہے ،

پہلگام واقعے کو جواز بنا کر ہم پر حملہ کیا گیا،پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان کا مقام بلند ہوا، معرکہ حق کو فیلڈ مارشل کی قیادت میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، حمایت کرنے پر سعودیہ، چین اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں، معرکہ حق میں اللہ نے پاکستان کو عظیم مقام عطا فرمایا، ہمارے سپوتوں نے دشمن بھارت کو ایسا جواب دیا کہ اسے جان کے لالے پڑ گئے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے سربراہ اور ان کی ٹیم کے ذکر کے بغیر معرکہ حق کا تذکرہ نامکمل ہے، پاک فضائیہ کے جوانوں نے دشمن کی فضائی برتری کا پول کھول دیا، نیول چیف اور ان کے ساتھ بحریہ کے جوانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سچ کے بیانیے کی فتح ہوئی، بھارت آج تک پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک بھی ثبوت نہ دے سکا، شہیدوں کے خون کو سلام پیش کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے لیے حمایت اور جدوجہد جاری رکھے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک بھارت جنگ بندی کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اہم کردار ادا کیا، دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ ہوتی تو اس کا انجام بہت بھیانک ہوتا۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، فتںہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو ختم کرکے دم لیں گے۔وزیراعظم نے مزید بتایا کہ فیلڈ مارشل نے ابھی ابھی آگاہ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے امریکا کے لیے جواب پاکستان کو موصول ہوگیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button