صدرِآصف زرداری کا معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ پر قوم اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر قوم اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ حکمتِ عملی کے ذریعے قومی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا ہے۔

صدرِ مملکت نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، حکمتِ عملی اور جراتمندانہ فیصلوں کو معرکۂ حق کی کامیابی میں کلیدی کردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نے قومی دفاعی صلاحیتوں کو نئی سمت دی۔

انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کی غیرمعمولی مہارت، جدید جنگی تیاری اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ پاک فضائیہ نے اپنی قابلیت سے دشمن کے عزائم ناکام بنا کر فضائی دفاع کو مضبوط تر کیا۔

اسی طرح صدر آصف علی زرداری نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور بحری افواج کی مکمل آپریشنل تیاری، ذمہ دارانہ کردار اور دفاعی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بحری افواج قومی سلامتی کے تحفظ میں اہم ستون ہیں۔

صدرِ مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے جو خطے میں امن و استحکام چاہتی ہے، تاہم دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور متوازن جواب دیا گیا ہے اور آئندہ بھی دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلۂ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

صدر آصف علی زرداری نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی ممکنہ معطلی کی کوششوں کو "آبی دہشت گردی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کا بنیادی مسئلہ ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے افغانستان پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان یا کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔ صدر نے کہا کہ بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے۔

صدرِ مملکت نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت کے طور پر ابھر رہا ہے۔

انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان تنازع کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔

آخر میں صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے اور وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button