ماضی میں پروپیگنڈا بہت کیا، ایک اینٹ بھی نہیں لگائی گئی، خواجہ آصف

سیالکوٹ(جانوڈاٹ پی کے) خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ماضی میں صرف پروپیگنڈا کیا جاتا رہا لیکن عملی طور پر ایک اینٹ بھی نہیں لگائی گئی، جبکہ موجودہ حکومت عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔
سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، شہباز شریف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا منصوبہ 2017ء میں منظور کیا تھا، جو اس وقت چار سے پانچ ارب روپے کا تھا، تاہم اب اس کی لاگت بڑھ کر 9 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ سیالکوٹ میں 54 ایکڑ اراضی پر ایک بڑا پارک تعمیر کیا جا رہا ہے، جبکہ 18 ارب روپے کی لاگت سے رنگ روڈ منصوبہ بھی مکمل کیا جائے گا، پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار دیگر صوبوں کے مقابلے میں نمایاں ہے اور خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سیالکوٹ کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے آئندہ بجٹ میں نئے منصوبے بھی شامل کیے جائیں گے، گزشتہ سال شہر کے تینوں نالوں میں طغیانی کے باعث بڑے پیمانے پر نقصان ہوا تھا، جس کی ایک بڑی وجہ نالوں پر غیرقانونی تعمیرات ہیں۔
مزید برآں، ان کا کہنا تھا کہ نالوں سے سات ہزار ٹن کچرا نکالا گیا، تاہم گندگی پھیلانے والے عناصر اب بھی موجود ہیں، خواجہ آصف نے غیرقانونی تجاوزات قائم کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود تجاوزات ہٹا دیں، ورنہ حکومت کارروائی کرے گی۔



